NewsHub

کچھ افراد کو بہت زیادہ پسینہ کیوں آتا ہے؟

اگرچہ پسینہ آنا ایک قدرتی عمل ہے جو جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتا ہے تاہم دیگر افراد کے مقابلے میں آپ کے جسم پر زیادہ پانی بہہ رہا ہو تو یہ کافی برا لگتا ہے۔

مگر ایسا کیوں ہوتا ہے اور کیوں کچھ افراد کو بہت زیادہ پسینہ آتا ہے؟ اس کی وجہ مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق کچھ یوں ہے۔

محققین نے اس کی 4 وجوہات بیان کی ہیں۔

سب سے پہلی وجہ تو یہ ہے کہ خواتین کے مقابلے میں مردوں کو زیادہ پسینہ آتا ہے۔

اسی طرح اگر آپ ورزش کرنے سے دور بھاگتے ہیں تو یہ بھی زیادہ پسینے کی وجہ بنتی ہے یعنی جسمانی سرگرمیوں میں مصروف رہنے والے افراد کو پسینہ کم آتا ہے۔

تاہم کئی بار یہ مختلف امراض کی علامت بھی ہوسکتی ہے جو درج ذیل ہیں۔

ہارٹ اٹیک

اگر اچانک بہت زیادہ پسینہ خارج ہونے لگے تو یہ ہارٹ اٹیک کی پہلی علامت یا کسی قسم کی دل کی بیماری کا عندیہ ہوسکتا ہے، اگر آپ کو ہارٹ اٹیک کا شبہ ہو تو جتنا جلد ہوسکے طبی امداد کے لیے رجوع کریں۔ اگر بہت زیادہ پسینے کے ساتھ سینے میں تکلیف کا احساس بھی ہو تو بھی یہ دل کے کسی سنگین عارضے کی علامت ہوسکتی ہے۔

بیکٹریل یا وائرل انفیکشن

بہت زیادہ پسینے کی شکایت کے ساتھ بخار ہو تو یہ ملیریا یا ٹی بی کی جانب اشارہ ہوسکتا ہے، بخار جسمانی درجہ حرارت میں تبدیلی کا نتیجہ ہوتا ہے جس کے دوران دماغ خودکار طور پر جسمانی درجہ حرارت کو کچھ بڑھا دیتا ہے تاکہ جسم میں موجود انفیکشن سے لڑ سکے۔

تناﺅ

کئی بار ذہنی تناﺅ کے نتیجے میں پسینے کا اخراج بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے، تناﺅ اور ذہنی بے چینی صرف جسم پر ہی منفی اثرات مرتب نہیں کرتے بلکہ پسینے کی شکل میں بھی وارننگ دیتے ہیں، عام طور پر جب تناﺅ کے شکار لوگوں کو زیادہ پسینہ آتا ہے تو اس کی بو بہت زیادہ ہوتی ہے کیونکہ اس میں چربی اور پروٹین کا مکسچر جلد پر موجود بیکٹریا کے ساتھ موجود ہوتا ہے۔

تھائی رائیڈ کا مسئلہ

اگر تھائی رائیڈ گلینڈ بہت زیادہ متحرک ہوجائیں اور بہت زیادہ تھائی رائیڈ ہارمون بنانے لگیں تو اس کے نتیجے میں جسم میں متعدد علامات سامنے آتی ہیں، جیسے نروس یا ذہنی الجھن وغیرہ، مگر اس کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ پسینہ بھی خارج ہونے لگتا ہے، یہ اس ات کی علامت ہوتا ہے کہ اب ڈاکٹر سے رجوع کرلینا چاہیے۔

لو بلڈ شوگر

ویسے تو بہت زیادہ پسینے کا اخراج مختلف وجوہات کا نتیجہ ہوسکتا ہے، مگر کئی بار یہ بلڈ شوگر لیول بہت زیادہ کم ہونے سے بھی ہوتا ہے، ایسی حالات میں اس وقت بھی پسینہ خارج ہوتا ہے جب موسم زیادہ گرم نہیںہوتا، بلڈ شوگر لیول کم ہونے سے بہت زیادہ بھوک، ذہنی بے چینی، سر چکرانے اور بینائی کے مسائل جیسی علامات سامنے آتی ہیں۔

غدود زیادہ متحرک ہونا

Hyperhidrosis نامی عارضہ اپنی علامت بہت زیادہ پسینے کے اخراج کی شکل میں ظاہر کرتا ہے۔ اس سے پورا جسم یا مخصوص حصے جیسے ہاتھ، ہتھلیاں، پیروں کے تلوے، چہرے، سینے وغیرہ پر بہت زیادہ پسینہ خارج ہوتا ہے جبکہ باقی حصوں پر اس کا اخراج معمول کے مطابق ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ابھی یہ تو معلوم نہیں کہ کچھ افراد اس کا شکار کیوں ہوتے ہیں، بس اندازہ ہے کہ مخصوص غدود زیادہ متحرک ہوجاتے ہیں۔ یہ عارضہ کسی بھی عمر میں اور کسی بھی لمحے لاحق ہوسکتا ہے تاہم زیادہ تر بالغ افراد اس کے شکار زیادہ ہوتے ہیں، مگر بوڑھے اور بچے بھی اس میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔

ادویات کا سائیڈ ایفیکٹ

بہت زیادہ پسینے کا اخراج ممکنہ طور پر ادویات کے استعمال کا نیتجہ بھی ہوسکتا ہے، اس میں خوفزدہ ہونے کی بات نہیں ہوتی بلکہ مختلف ادویات جیسے اینٹی بایوٹیکس، بلڈ پریشر کی ادویات وغیرہ کے استعمال سے سامنے آنے والا ایک عام سائیڈ ایفیکٹ ہے۔

موٹاپا

موٹاپا دنیا بھر میں وبا کی طرح پھیل رہا ہے جس کے دوران جسم میں چربی بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے، جینز، جسمانی طور پر متحرک نہ ہونا، ناقص غذا، مخصوص ادویات اور نیند کی کمی وغیرہ سب موٹاپے کا باعث بنتے ہیں اور دیگر امراض کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔ درحقیقت موٹاپے کے شکار افراد میں hyperhidrosis کا امکان بھی زیادہ ہوتا ہے جس کے بارے میں اوپر تفصیلات درج کی جاچکی ہیں۔

Read More
  • 710
Loading ···
No more