NewsHub

لمبی گردن پر رنبیر کے نام کا ٹیٹو

اس ہفتے بالی وڈ ڈائری میں پڑھیے دیپکا کی گردن پر رنبیر کے نام کا ٹیٹو اور سلمان بیماری سے نکل کر ایک بار پھر اپنے مداحوں کے درمیان۔

بغل میں بچہ، شہر میں ڈھنڈورہ ۔۔۔

خبریں ہیں کہ فلمساز ایان مکھرجی دیپکا پادوکون اور رنبیر کپور ایک بار پھر سنہرے پردے پر ساتھ لے کر لانے کے خواہش مند ہیں۔ خبر ہے یا افواہ ابھی کچھ کہا نہیں جا سکتا۔

لیکن ان دونوں کے حوالے سے ایک افواہ ضرور غلط ثابت ہوئی اور وہ ہے دپیکا کی گردن پر بنے اس ٹیٹو کے بارے میں جو انھوں نے رنبیر کے نام پر بنوایا تھا۔ کہا جا رہا تھا کہ دیپکا نے رنبیر کے ساتھ بریک اپ کے بعد یہ ٹیٹو مٹوا دیا ہے۔ لیکن اس ہفتے کانز فلم فیسٹول میں جب دیپکا سیاہ لباس میں ریڈ کارپٹ پر چلیں تو ان کی لمبی گردن پر رنبیر کے نام کا ٹیٹو اب بھی چمک رہا تھا۔

یوں بھی بالی وڈ میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا حالانکہ خبریں یہ بھی ہیں کہ رنبیر کی ممی نیتو کپور ان کے لیے لڑکیاں دیکھ رہی ہیں اور حال ہی میں وہ اس سلسلے میں رنبیر کے ساتھ لندن بھی گئی تھیں۔ کہیں ایسا نہ ہو بغل میں بچہ اور شہر میں ڈھنڈورہ ۔۔۔

ہر چمکتی ہوئی چیز سونا نہیں ہوتی

جس طرح ہر چمکتی ہوئی چیز سونا نہیں ہوتی اسی طرح یہ ضروری نہیں کہ اگر کسی کے پاس دولت، شہرت، صورت کے ساتھ ساتھ دنیا کا ہر سکھ ہو تو اس کی زندگی گل و گلزار ہوگی۔ ایسا ہی کچھ بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کے بارے میں بھی کہا جا سکتا ہے۔

آج سلمان انڈسٹری کے سب سے مہنگے، کامیاب اور چہیتے اداکاروں میں سے ایک ہیں اور بالی وڈ کا ہر پروڈیوسر ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے ترستا ہے۔ لیکن کیا سلمان کی زندگی میں کوئی کمی، دکھ یا پریشانی نہیں ہوگی۔

سلمان خان اسی ہفتے اپنی فلم ٹیوب لائٹ کے نئے گانے کے لانچ کے لیے دبئی پہنچے اور میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے شاید دوسری مرتبہ اپنی اس بیماری کا ذکر کیا ہے جسے چہرے کی اعصابی معذوری کہا جاتا ہے۔ اس بیماری میں مبتلا لوگوں کو کئی مرتبہ اتنی تکلیف سے گزرنا پڑتا ہے کہ لوگ خود کشی تک پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

سلمان خان بھی اس بیماری کاشکار رہ چکے ہیں اور علاج کے لیے انھیں نیو یارک جانا پڑا۔ سلمان کا کہنا ہے کہ آپ کے مداح نہیں جانتے کہ آپ کس تکلیف سے گذر رہے ہوتے ہیں۔ کام کے دوران ایک ادکار کو اپنا سو فیصد دینا پڑتا ہے اور وہ کبھی بھی اپنے کام سے سمجھوتہ نہیں کرتے۔

آج سلمان اس بیماری سے نکل کر ایک بار پھر اپنے مداحوں کے درمیان پہنچ گئے ہیں۔ سلمان نے اپنی اس بیماری کا ذکر پہلی مرتبہ 2001 میں کیا تھا۔

تمام ہیروز کی ماں ریما لاگو

بالی وڈ کے تمام ہیروز کی ماں بننے والی نیروپا رائے کی جگہ لینے والی ریما لاگو بھی اس دنیا سے چلی گئیں۔ اس حوالے سے بالی وڈ کے زیادہ تر ہیروز نے ان کی موت پر اظہارِ افسوس کیا جن میں عامر، سلمان اور شاہ رخ کے ساتھ ساتھ کئی لوگ شامل تھے۔ کسی نے کہا کہ وہ بہت اچھی انسان تھیں کسی نے کہا وہ بہت اچھی اداکارہ تھیں کسی نے اچھی دوست بھی کہا۔

لیکن سب سے دلچسپ ردِ عمل 58 سالہ سنجے دت کا تھا جنہوں نے فلم ستیا میں یرما لاگو کے بیٹے کا کردار نبھایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے ایک بار پھر اپنی ماں کو کھو دیا ہے۔ ان کے اس ردِ عمل پر مجھے 59 سالہ ریما لاگو کے اس انٹرویو کی یاد آ گئی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ہم عمر ہیروز کی ماں بن کر انہیں بہت ہنسی آتی تھی۔

Read More
  • 210
  • 617
Loading ···
No more