NewsHub

کراچی:یونین کونسل کے دفترمیں فائرنگ، ایم کیو ایم پاکستان کے کونسلر جاں بحق

کراچی کی یونین کونسل نمبر 6 نیوکراچی کے دفتر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے ایک کونسلر جاں بحق اور یونین کونسل کے ایک شدید ملازم زخمی ہوگئے۔

ڈی ایس پی نیو کراچی ارشاد علی بھٹو کا کہنا تھا کہ یونین کونسل 6 کے چیئرمین اور دیگر افراد ‘مصالحتی کمیٹی’ کے اجلاس میں شریک تھے کہ 6 مسلح موٹرسائیکل سوار وہاں پہنچے اور ان پر اندھادھند فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

ڈی ایس پی نیوکراچی کا کہنا تھا کہ مسلح حملہ کلاشنکوف اور پستول سے لیس تھے جو جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نیجے میں 60 سالہ اعظم ظہور اور40 سالہ شکیل انصاری زخمی ہوئے جنہیں فوری طورپر عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈی ایس پی نیو کراچی ارشاد علی بھٹو نے کہا کہ اعظم ظہور یونین کونسل کے ملازم تھے جبکہ شکیل ایم کیوایم پاکستان کے کونسلر تھے۔

بعدازاں ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سلیم شیخ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شکیل انصاری دوران علاج عباسی شہید ہسپتال میں دم توڑ گئے جنہیں تین گولیاں لگی تھیں۔

ڈاکٹر سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ زخمی اعظم ظہور کی حالت بھی تشویش ناک ہے اور ناہیں سینے پر ایک گولی لگی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ یوسی آفس نمبر 6میں4 سے5 مسلح افراد داخل ہوئے اور دفتر میں موجود ا فراد پر گولیاں چلائیں جس سے 2 افراد زخمی ہوئے۔

خواجہ اظہار نے کہا کہ زخمیوں میں شامل شکیل انصاری دم توڑ گئے ہیں، انہوں نے واقعے کی فوری انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ دفترکو رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری اورخواجہ اظہارالحسن عوامی مسائل سننے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور فائرنگ کے وقت اتفاقاً دونوں رہنما دفتر میں موجود نہیں تھے۔

ایم کیو ایم کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے اس کا مقصد کراچی کے امن کو تباہ کرنا ہے۔

پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے اپنے بیان میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ اس موقع پر ہم ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ کھڑےہیں۔

Read More
  • 540
Loading ···
No more