NewsHub

'جس دن وزیر اعظم کاحکم آیا عثمان بزدار 12 گھنٹے میں عہدہ چھوڑ دیں گے'

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل کا کہنا ہے کہ جس دن وزیر اعظم عمران خان کا حکم آیا وزیر اعلیٰ عثمان بزدار 12 گھنٹوں میں وزیر اعلیٰ ہاؤس چھوڑدیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ 'عثمان بزدار کو وزیر اعظم نے 5 سال کیلیے وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا ہے، اگر کسی کو عثمان بزدار کی شکل اچھی نہیں لگتی تو میں کچھ نہیں کر سکتا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم کے حکم پر عثمان بزدار ماضی کی طرح ایک دو مہینے نہیں مانگیں گے بلکہ فوراً اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے'۔

مزید پڑھیں: اسد عمر کے بعد عثمان بزدار اپنے عہدے سے متعلق خدشات کاشکار

شہباز گل کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران پولیس نے سیکیورٹی سے متعلق بہترین کام کیا ہے۔

حالیہ پولیس حراست میں ملزمان کی ہلاکتوں کے واقعات پر ان کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم نے واضح پیغام دیا ہے پولیس عوام کی خدمت کیلیے ہے ٹارچر کے لیے نہیں، کسی صورت کسی کو کسی پر تشدد کی اجازت نہیں ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پولیس کلچر بدلنے میں ٹائم لگتا ہے کوئی بھی کام ایک دن میں نہیں ہوتا، میں ملک سے باہر تھا اور پولیس سے متعلق خبریں سنا کرتا تھا'۔

انہوں نے کہا کہ 'حیرت ہے جو پولیس کو خواتین پر تشدد کا حکم دیتے تھے آج وہی لوگ اسے برا بھلا کہہ رہے ہیں'۔

شہباز گل نے اعلان کیا کہ 'اگر کسی علاقے میں ٹارچر سیل ملا تو اس کے ڈی ایس پی اور ڈی پی او ذمے دار ہوں گے، اس سے قبل اس قسم کے تمام مقدمات سپاہی پر درج کردیے جاتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہر ڈی ایس پی، ڈی پی او سے حلف نامہ لیں گے کہ ان کے علاقے میں کوئی ٹارچر سیل نہیں اور ہر تھانے میں ایک پبلک ریلیشن آفیسر تعینات کر رہے ہیں جو عوام سے رابطے میں ہوگا جس کے ساتھ ساتھ ہر تھانے میں شکایت باکس بھی نصب کیا جائے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پولیس حراست میں تشدد کے واقعات پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک خود مختار بورڈ بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جس میں ہر طبقے کے افراد ہوں گے، بورڈ پولیس کے ہر معاملے کی انکوائری کرے گا'۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس حراست میں اے ٹی ایم کارڈ چور کی ہلاکت، مقدمے میں ایس ایچ او نامزد

انہوں نے کہا کہ 'پولیس کو ٹھیک کرنا مشکل کام ہے،ہم اصلاحات کے وعدے پر قائم ہیں، خیبر پختونخوا میں پولیس نظام ٹھیک کرنے میں 2 سے 2.5 سال لگ گئے تھے، پنجاب میں بھی پولیس کا نظام جلد ٹھیک ہو جائے گا'۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم کا عوام سے وعدہ ہے پولیس کا نظام ٹھیک کر کے دکھائیں گے'۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ 'کشمیر کو بھارتی حکومت نے ٹارچر سیل بنا دیا ہے، دنیا کو یہ سچ ماننا پڑے گا کہ کشمیر کو ایک عقوبت خانہ بنا دیا گیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ظلم کرنے پر ظالم کو قیمت چکانی پڑتی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ قوم بابائے قوم کی ممنون ہے کہ انہوں نے ہمیں پاکستان جیسا تحفہ دلایا۔

انہوں نے بتایا کہ آج پنجاب کابینہ کے اجلاس میں بابائے قوم کو مکمل خراج عقیدت پیش کیا'۔

Read More
  • 768
Loading ···
No more